سبزیوں اور پھلوں سے کریں دمے کا علاج

پیرس: اگر کوئی شخص پھل اور سبزیوں کا زیادہ استعمال کرتا ہے تو اول اس میں دمے سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت کم رہ جاتا ہے اور دوم متاثر ہونے کے بعد بھی اس کی شدت میں اضافہ نہیں ہوتا۔ ایک سائنسی مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سبزیاں اور پھل کھانے والے افراد میں دمے کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جبکہ دمے کے مریض پھل اور سبزیاں کھا کر مرض کی شدت کم کرسکتے ہیں۔ پھل اور سبزیاں ایسے اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسم کے اندر جلن کو کم کرتے ہیں اور ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس سانس لینے کے عمل کو بہتر بناتے ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں دمے کے مریض سبزیوں پر توجہ دے کر نظامِ تنفس کو بہتر بناسکتے ہیں۔ یہ تحقیق فرانسیسی ماہرین نے کی ہے جس کے تحت اس تکلیف دہ کیفیت کو کم کیا جاسکتا ہے۔ دمے میں پھیپھڑوں کے اندر سوزش اور سوجن پیدا ہوجاتی ہے اور سانس لینے میں بہت دقت پیدا ہوتی ہے۔ اس مطالعے میں ماہرین نے 35 ہزار افراد کو شامل کیا۔ ان افراد کی اکثریت دمے کی شکار تھی لیکن اس کی کیفیت اور شدت مختلف تھی۔ طویل تحقیق کے بعد فرانس کی 13 جامعات اور دو سائنسی تحقیقی اداروں نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ تحقیق کا خلاصہ یہ ہے کہ پھلوں اور سبزیوں میں موجود کئی مفید اجزا مردوں میں دمے کو 30 فیصد اور خواتین میں 20 فیصد تک کم کرتے ہیں۔
تحقیق کرنے والے ماہر ڈاکٹر رولینڈ اینڈریان سولو نے کہا کہ ہماری تحقیق بتاتی ہے کہ صحت مندانہ غذائیں دمے سے بچانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ پھلوں اور سبزیوں میں کئی طرح کے بہترین اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو دمے کو روکتے ہیں۔ دوسری جانب نمک، چینی، گوشت اور دیگر مرغن غذاؤں سے جسم میں سوزش اور جلن بڑھتی ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ غذا میں ان دونوں کا بڑھاوا نظامِ تنفس کو مضبوط بھی بناتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں