اسلام آباد: گذشتہ روز مدِ مقابل انٹرنیشنل کے ایڈیٹر اور ایسوسی ایشن آف جرنلسٹس،اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ثاقب محمود بٹ نے پاشا فاﺅنڈیشن، ہالینڈ کے لارڈ ایم کے پاشا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاک میڈیا فورم کے سیکرٹری جنرل ضیا شام بھی موجود تھے۔ نیشنل پریس کلب، اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان اور ہالینڈ کے حوالہ سے باہمی دلچسپی کے امور پر بار چیت ہوئی۔ ثاقب محمود بٹ نے لارڈ ایم کے پاشا کو اِن کی سماجی، سیاسی، ثقافتی اور صحافتی خدمات کے حوالہ سے سراہا اورادارہ کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی۔
یاد رہے کہ لارڈ ایم کے پاشا کا شمار پاکستان کی بیرونِ ملک مقیم سیاسی و سماجی شخصیات میں ہوتا ہے۔ آپ متعدد اُردو اخبارات میں ’’پاشا کی بھاشا‘‘ کے عنوان سے سیاسی اور سماجی مسائل پر کالم بھی لکھتے ہیں۔لارڈ پاشا ہالینڈ میں سیاست کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ اس ضمن میں آپ اب تک 350 سے زائد تقریبات منعقد کر چکے ہیں۔لارڈ ایم کے پاشا نے 2002ء میں ہالینڈ کی نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے پلیٹ فارم سے بھرپور سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا۔ اب تک آپ کی دو کتب ’’آوازِ خلق‘‘ (اُردو) اور ’’Voice of Truth‘‘ (انگریزی) کے نام سے شائع ہو چکی ہیں۔