سعودی عرب اورخلیجی ممالک سمیت کئی ممالک میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ نماز عیدالفطر کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں ہوں گے، جہاں لاکھوں فرزندان توحید نماز عید ادا کریں گے، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ شاہ سلمان نے عالمی امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، اور امت مسلمہ کیلئے امن، سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔ ادھر ترکیہ، لبنان، یمن، فلسطین اور عراق میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے، آسٹریلیا میں بھی آج عید ہے، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیسی سڈنی کی مسجد گئے جہاں انہوں نے مسلمانوں کے تہوار میں شریک ہوکر انہیں مبارکباد دی۔ امریکا میں بھی عیدالفطر کا چاند نظر آگیا، جہاں عیدالفطر آج منائی جائے گی، برطانیہ سمیت یورپ بھر میں مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے آج عید منانے کا اعلان کر دیا۔