’’زکوٹا جن‘‘ کے نام سے بچوں کے مقبول اداکار منا لاہوری انتقال کر گئے

نوے کی دہائی میں ٹی وی ڈرامہ ’’عینک والا جن‘‘ سے شہرت پانے والے اداکار مطلوب الرحمان المعروف منا لاہوری کا لاہور میں انتقال ہوگیا ہے۔

منا لاہوری کی عمر 68 برس تھی. وہ گذشتہ کئی برسوں سے فالج کے مرض میں مبتلا تھے اور میو ہسپتال لاہور میں زیر علاج تھے۔

انھیں نوے کی دہائی میں پی ٹی وی لاہور سینٹر سے نشر ہونے والے بچوں کے ٹی وی ڈرامہ ’عینک والا جن‘ کے کردار زکوٹا جن سے شہرت ملی تھی اور ان کا ایک ڈائیلاگ ’مجھے کام بتاؤ، میں کیا کروں، میں کس کو کھاؤں‘ زبان زد عام ہوا۔

منا لاہور ٹی وی کے علاوہ تھیٹر میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے تھے تاہم بیماری کے باعث وہ کئی برسوں سے فن کا مظاہرہ نہیں کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ گوجرانوالہ میں سٹیج ڈرامے کے دوران منا لاہوری پر فالج کا حملہ ہوا تھا جس سے ان کے جسم کا دایاں حصہ مفلوج ہوگیا. اس کے بعدوہ ٹھیک طرح سے بولنے بھی نہیں پارہے تھے۔ طویل علالت اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے کے باعث انہوں نے کئی بار حکومت سے علاج و معالجے کے اخراجات اٹھانے کی درخواست بھی کی تھی۔

منا لاہوری عرف زکوٹا جن کے چھ بچے ہیں۔ جن میں سے دو بیٹیوں کی شادی ہو چکی ہے جبکہ باقی چار ابھی زیرکفالت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں