وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا

اسلام آباد: پاکستان کے اگلے وزیر اعظم کے لیے عمران خان اور شہباز شریف کے درمیان مقابلہ آج ہوگا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی آج اپنے نئے قائد ایوان کا انتخاب کرے گی، انتخابی شیڈول کے تحت قائد ایوان کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے جمعرات کی دوپہر 2 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔ وقت مقررہ تک عمران خان اور شہباز شریف کے علاوہ کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ دونوں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیے گئے جس کے بعد وزارت عظمی کے لیے صرف دو امیدوار میدان میں ہیں۔
تحریک انصاف اس وقت وفاق میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے جس کے پاس اپنی 152 اور اتحادیوں کی 22 نشستیں ہیں یہ تعداد 176 بنتی ہے۔ ان میں متحدہ قومی موومنٹ کی 7، پاکستان مسلم لیگ (ق) کی 3، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی 5، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی 4، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی 3، جمہوری وطن پارٹی اور عوامی مسلم لیگ کی ایک ایک نشست شامل ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے مدِمقابل مسلم لیگ (ن) کے پاس قومی اسمبلی کی اپنی 81 اور اتحادیوں کی 16 نشستیں ہیں مجموعی طور پر یہ تعداد 97 بنتی ہے۔ ان میں متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی 15 اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی ایک نشست شامل ہے۔
قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پاس 54 نشستیں موجود ہیں تاہم پیپلز پارٹی نے قائد ایوان کے لیے کسی بھی جماعت کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ ایوان میں ووٹنگ کے عمل سے لاتعلق رہے گی جب کہ چار امیدوار آزاد ہیں جو ایوان میں ہی فیصلہ کریں گے کہ وہ عمران خان یا شہباز شریف کسے ووٹ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں