لاہور: تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور دوست محمد مزاری ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے جس کے بعد دونوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ سبکدوش ہونے والے سپیکر رانا اقبال کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران نئے سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا گیا، اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 349 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے 201 اور ان کے مدِمقابل مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اقبال نے 147 ووٹ حاصل کیے جب کہ ایک ووٹ منسوخ ہوا۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد سپیکر رانا اقبال نے چوہدری پرویز الہیٰ کی کامیابی کا اعلان کیا تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے اس موقع پر شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔