وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا جب کہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 5 مشیروں کا بھی نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین نے 16 رکنی کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔

حلف لینے والوں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، شیریں مزاری، فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، شیخ رشید، زبیدہ جلال، فواد چوہدری، غلام سرور خان ، طارق بشیر چیمہ، فہمیدہ مرزا، شفقت محمود، عامر کیانی، مولانا نور الحق قادری اور خسرو بختیار شامل تھے۔

حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج ہی طلب کیا گیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی معاشی، اقتصادی اور سماجی پالیسیوں سے متعلق وزراء کو آگاہ کریں گے۔

وفاقی وزرا کے قلمدان:

وفاقی کابینہ میں شامل فروغ نسیم کو وزارت قانون و انصاف، اسد عمر کو وزارت خزانہ، پرویز خٹک کو وزارت دفاع، شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ، شیخ رشید احمد کو وزارت ریلوے، فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات اور غلام سرور خان کو وزارت پیٹرولیم ڈویژن کا قلمدان دیا گیا ہے۔

اسی طرح طارق بشیر چیمہ کو وزارت ریاستی سرحدی امور (سیفران) ، نورالحق قادری کو وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی، خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونی کیشن، شفقت محمود کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ و نیشنل ہسٹری، زبیدہ جلال کو وزارت دفاعی پیداوار، شیریں مزاری کو انسانی حقوق، خسرو بختیار کو آبی ذرائع اور عامر محمود کیانی کو نیشنل ہیلتھ سروسز کا قلمدان دیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن کا کابینہ ڈویژن کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

مشیروں میں محمد شہزاد ارباب کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبدالرزاق داؤد کامرس، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار اور سرمایہ کاری، ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم کو موسمیاتی تبدیلی، اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں