صدارتی انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع

کراچی: صدارتی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ صدرِ مملکت ممنون حسین آئندہ ماہ اپنے منصب سے سبکدوش ہورہے ہیں جس کے باعث نئے صدر کے انتخاب کے لیے 4 ستمبر کو پولنگ ہوگی۔ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں صدارتی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کے فارم رجسٹرار آفس سے وصول کیے جا سکتے ہیں۔ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کے مطابق کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اگست ہے۔
صدارتی الیکشن کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 4 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے جس کا نوٹیفیکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا۔ صدارت کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 27 اگست کو دن 12 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے جس کی جانچ پڑتال 29 اگست کو صبح 10 بجے ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 30 اگست کو دن 12 بجے تک واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست اسی روز دن ایک بجے جاری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وفاق کی حکمران جماعت تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر کے لیے امیدوار نامزد کردیا ہے جب کہ پیپلزپارٹی نے اعتزازاحسن کو امیدوار نامزد کیا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) نے ان کے نام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں