زرداری اور بلاول کی نواز شریف سے ملاقات، اہلیہ کے انتقال پر تعزیت

لاہور: سابق صدر آصف زرادری اور بلاول بھٹو نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جمہوریت کیلئے ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے جاتی امراء پہنچے اور سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

دونوں رہنما نصف گھنٹہ وہاں موجود رہے اور مرحومہ کی جمہوریت کیلئے جدوجہد اور کردار پر گفتگو کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بلاشبہ بیگم کلثوم نواز نڈر اور بہادر عورت تھیں، جمہوریت اور ملک کے لئے ان کی جدوجہد کو پورا ملک یاد کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے، ہم اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اس موقع پر میاں نواز شریف نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی ہے کہ آخری وقت بیمار بیگم کے ساتھ نہیں گزار سکا۔ میں پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ اس تکلیف میں ہمارا ساتھ دیا، پیپلز پارٹی کا وفد نماز جنازہ میں بھی شریک ہوا، آج بھی پارٹی کے پورے خاندان کے ہمراہ چل کر آئے، جس کے لئے شکر گزار ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں