تھر میں شدید گرمی کے باعث قحط متاثرین کی پریشانیاں بڑھ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق تھر کاصحرا ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، اکتوبر کے ابتدائی دنوں میں پڑنے والی شدید گرمی سے قحط متاثرین کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہو گیا، تھر کے مکین پہلے ہی قحط کے نام پربھوک پیاس کی اذیت برداشت کر رہے ہیں اور اب گرمی کی نئی لہر نے ان کے مصائب میں مزید اضافہ کر دیا ۔سورج کی شدت اور ریت کی حدت کے امتزاج نے صحرائی وادیوں کو ناصرف جھلسا دیا ہے،بلکہ پانی کی شدید قلت نے مکینوں کی اذیت میں بھی کافی اضافہ کیا ہے۔حالیہ گرمی سے انسانوں کے ساتھ مویشی اور پرندے بھی بے حال دکھائی دیتے ہیں جبکہ خشک سالی کے دوران موسم کی گرمی سے بیماریاں بھی پھوٹ پڑیں۔ جن کنوئوں میں پانی پہلے ہی کم تھا گرمی کی حالیہ لہرسے ان کنوئوں میں پانی کی سطح مزید گر گئی .