ملک بھرمیں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ عیدالفطر کی مناسبت سے ملک بھر کی چھوٹی بڑی مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے جن میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اسلام آباد میں عید کا سب سے بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد جب کہ راولپنڈی میں لیاقت باغ میں ہوا۔
وزیر اعظم عمران خان نے نماز عید اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ میں قائم مسجد میں ادا کی، بنی گالہ سیکرٹریٹ کے ملازمین اور سیکیورٹی اسٹاف نے بھی وزیراعظم کےساتھ نماز عید ادا کی، نماز عید کے بعد وزیراعظم نے ملازمین اور سیکیورٹی اسٹاف سے عید ملی اور انہیں مبارک باد دی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فیصل مسجد اسلام آباد میں عید کی نماز ادا کی جب کہ اراکین پارلیمنٹ اور مسلم ممالک کے سفیروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے فیصل مسجد میں نماز عیدالفطر ادا کی۔
کراچی شہر میں عیدالفطر کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور میئر کراچی وسیم اختر نے پولو گراؤنڈ میں نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری پولو گراؤنڈ اور اطراف میں تعینات تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں