نیویارک: مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا تاریخی اجلاس آج ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت بھارت کی جانب سے یک طرفہ بدلنے کے معاملے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے خط لکھا تھا۔ سلامتی کونسل کا یہ اجلاس آج شام 7 بجے ہورہا ہے۔
بند کمرہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں اور ان کو حل کرنے سے متعلق امور پر صلاح مشورے کیے جائیں گے جس کے بعد باقاعدہ اجلاس سے متعلق فیصلے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے سلامتی کونسل اپنی ذمے داری کیسے ادا کرتی ہے۔
اقوام متحدہ میں وزیرخارجہ کا خط پہنچانے والی پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے امید ظاہر کی ہے کہ سلامتی کونسل کشمیر کے مظلوم عوام کی مشکلات کا حل نکال لے گی۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے متعلق اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب عبداللہ حسین ہارون کا کہنا ہے کہ کامیابی کا انحصار پاکستان کی تیاری پر بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 50 برس میں کشمیر کی صورتحال پر پہلی میٹنگ کم سے کم اس بات کا اعتراف ضرور ہے کہ یہ دوطرفہ نہیں عالمی سطح کا تنازع ہے۔