بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج اور ازالہ کیلئے “ایف ایم پورٹل” قائم

اسلام آباد: وزارت خارجہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج اور ان کے ازالہ کیلئے “ایف ایم پورٹل”قائم کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کو وزارتِ خارجہ میں “ایف ایم پورٹل” کی تعارفی تقریب ہوئی۔ وزارتِ خارجہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے وژن ایف او کے تحت وزارتِ خارجہ میں بہت سے اقدامات اٹھائے گئے، ایف ایم پورٹل بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تعارفی تقریب میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔تقریب کے آغاز میں “ایف ایم پورٹل” کے خدوخال اور اغراض و مقاصد کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی شکایات کے اندراج اور ان کے ازالہ کیلئے کیے گئے اقدامات کو اس ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے خود ملاحظہ اور اس پورٹل کے ذریعے اپنی تجاویز بھی ارسال کر سکیں گے۔ اس پورٹل کو ابتدائی طور پر وزارتِ خارجہ اور 5 پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ جن میں جدہ، دوبئی، بارسلونا،لندن اور نیویارک میں قائم پاکستانی سفارتخانے شامل ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت نو ملین سے زیادہ پاکستانی بیرون ملک موجود ہیں، ہمارے بہت سے سفارت خانوں کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔ اس مرتبہ ہماری ترسیلات زر 29 ارب ڈالر سے زیادہ ہیں جس کا سہرا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس دور میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہتر خدمت کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فیصلہ سازی میں شمولیت کا حق دینا چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور اس حوالے سے قانون سازی کا آغاز کر دیا گیا ہے، ہم دوہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن میں شمولیت کا حق دینا چاہتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈیجیٹل روشن پاکستان سے بہت حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے،ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ابتدائی طور پر اس “پورٹل” کو پانچ مشنز میں رایج کر رہے ہیں اور بہت جلد ہم اسے تمام مشنز میں رایج کریں گے، وزیرخارجہ نے کہا کہ میں اس پی ایم پورٹل کی خود نگرانی کروں گا، اس پورٹل کا مقصد ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے ذریعے کارکردگی میں مزید بہتری لانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں