اسلام آباد: (رپورٹ: ثاقب محمود بٹ) سی ڈی اے ہسپتال کے رجسٹرار ڈاکٹر راشد محمود اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔ اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ، ساتھی ڈاکٹرز اور عملے نے اُن کے اعزاز میں الوداعی تقریبات کا انعقاد کیا اور ڈاکٹر راشد کی ہسپتال اور صحت کے شعبہ میں سرانجام دی گئی خدمات کو سراہا. تمام رفقائے کار نے ڈاکٹر راشد محمود کے ساتھ خصوصی ملاقات کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے ہسپتال کے تمام شعبہ جات نے ڈاکٹر راشد محمود کی خدمات کو سراہتے ہوئے مختلف الوداعی تقریبات منعقد کیں. ہسپتال کے شعبہ انتظامی امور کی جانب سے منعقدہ تقریب کی صدارت سی ڈی اے ہسپتال کے ہیڈ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر محمد نعیم تاج نے کی. اس موقع پر دیگر شعبوں کے انچارج ڈاکٹرز اور رفقائے کار سمیت ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر سرتاج اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر مبین کوثر بھی موجود تھے.
ڈاکٹر محمد نعیم تاج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس ادارہ کے لیے ڈاکٹر راشد محمود کی پیشہ ورانہ خدمات کا معترف ہوں. ڈاکٹر راشد محمود نے اپنی تینتیس سالہ سروس میں کبھی کسی کام میںکوتاہی نہیں برتی اور ہمیشہ پیشہ ورانہ انداز میں اپنی خدمات سرانجام دیں. یہی وجہ ہے کہ اس تمام عرصہ میں ادارے کو کبھی بھی ان کے بارے میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی. ڈاکٹر نعیم کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر راشد محمود نے نہ صرف فارمیسی، خریداری، آڈٹ و دیگر انتظامی معاملات میں ادارے کا بھرپور ساتھ دیا بلکہ بطور چیئرمین انکوائری کمیٹی، بے شمار محکمانہ تفتیش اور انکوائریوں میں انتظامیہ کی مدد کرتے ہوئے اس ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کیا. ڈاکٹر راشد محمود نے ہسپتال کی بہتری کے لیے پوری تگ و دو اور نہایت تندہی سے فرائض سرانجام دیے اور ہسپتال کے معاملات کو انتظامیہ کے شانہ بشانہ احسن طریقے سے چلایا.
دیگر ساتھی ڈاکٹروں نے بھی ڈاکٹر راشد محمود کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر راشد نے اپنی پیشہ ورانہ خدمات کے دوران نہ صرف مریضوں کی بہترین نگہداشت کی بلکہ ادارے کے انتظامی امور میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ تمام ساتھیوں نے اُن کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریبات میں ڈاکٹر راشد محمود کو گلدستوں اور اعزازی شیلڈوں سے نوازا گیا.
یاد رہے کہ ڈاکٹر راشد محمود، سی ڈی اے ہسپتال میں اپنی تینتیس سالہ سروس مکمل کرکے 15 ستمبر، 2025ء کو ریٹائر ہو گئے تھے.