اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے لیے ضروری ہدایات جاری کردیں جس کے مطابق ووٹ ڈالنے کے لیے امیدوار کو اصل شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لانا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی آسانی کے لیے پولنگ اسٹیشن اور حلقہ انتخاب کی معلومات کے لیے ایس ایم ایس سروس بھی شروع کر رکھی ہے جس کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ ووٹر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پرایس ایم ایس بھیج کر پولنگ اسٹیشن معلوم کرسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اشتہار کے مطابق ووٹ ڈالنے کے لیے ووٹر کو اصل شناختی کارڈ لازمی لانا ہوگا اور زائدالمیعاد (expired) شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ کوئی بھی دستاویزات ووٹ ڈالنے کے لیے قابل قبول نہیں ہوں گی۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ پولنگ کے دن ووٹرز موبائل فون اور کیمرہ وغیرہ اپنے ساتھ پولنگ اسٹیشن نہ لائیں اور خواتین کے دستی بیگ لانے پر بھی پابندی ہوگی۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا اور مقررہ وقت کے ختم ہونے پر پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹرز کو اپنا ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عملے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انتخابی عملہ، سیکیورٹی اہلکار اور پولنگ اسٹیشن پر موجود دیگر افراد کے لیے لازم ہے کہ وہ ووٹ کی رازداری کا خیال رکھیں۔ سیکیورٹی اہلکار پرائزئیڈنگ آفیسر کو اس کی قانونی ذمہ داریوں کے مؤثر اور بھرپور انداز میں ادائیگی میں معاونت کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن پر پرامن، دوستانہ اور محفوظ ماحول میسر ہو اور ووٹرز کو کسی بھی صورت میں ووٹنگ سے روکنے کے لیے ڈرایا یا دھمکایا نہ جاسکے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام پولنگ ایجنٹ اپنا شناختی بیج نمایاں طور ہر ہمہ وقت آویزاں رکھیں تاکہ ان کی پہنچان میں دشواری پیش نہ آئے جب کہ الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے درخواست کی ہے کہ وہ انتخابی عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کریں۔
ووٹ ڈالنے کا طریقہ
ووٹر اپنے حلقے میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ایک ایک امیدوار کو ووٹ دے سکے گا، قومی اسمبلی کے لیے سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر دستیاب ہوگا جن پر امیدواروں کے نام کے ساتھ ان کے انتخابی نشان موجود ہوں گے۔
ووٹر کو سب سے پہلے پولنگ اسٹیشن میں موجود افسر کو اپنا شناختی کارڈ دکھانا ہوگا جس کے بعد ووٹر کو ووٹرز فہرست میں موجود اپنا نام تلاش کرنے کے بعد وہاں انگوٹھا لگانا ہوگا، اس کے بعد ووٹر کے انگوٹھے پر سیاہی لگائی جائے گی۔
اس عمل کے بعد ووٹر کو بیلٹ پیپرز کی کتاب پر مختص جگہ پر انگوٹھا لگانا ہوگا جس کے بعد مقررہ افسر ووٹر کو سبز اور سفید رنگ کے دو بیلٹ پیپرز دے گا۔
پولنگ کے کمر ے میں ہی ووٹر خفیہ رائے شماری کے لیے مختص مقام پر جاکر اپنے من پسند امیدوار کے نشان پر ٹھپہ لگائے گا جس کے بعد سبز بیلٹ پیپر کو سبز بیلٹ باکس اور سفید بیلٹ پیپر کو سفید بیلٹ باکس میں ڈالنا ہوگا۔