پنجاب میں حکومت سازی: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مختلف جماعتوں سے تعاون مانگ لیا

لاہور: پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے جیتنے والی دیگر جماعتوں اور امیدواروں سے رابطے مزید تیز کردیے۔ ووٹوں کے تناسب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تحریک انصاف پر برتری حاصل ہے تاہم پی ٹی آئی صوبے میں حکومت سازی کا اعلان کرچکی ہے۔ مسلم لیگ ن نے ایک مرتبہ پھر صوبے میں حکومت بنانے کے لیے پیپلز پارٹی کے بعد مسلم لیگ ق سے بھی رابطہ کرلیا، اس سلسلے میں سردار ایاز صادق نے ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو فون کیا اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تعاون مانگا۔ اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت اسلام آباد میں ہیں اس لیے آئندہ دو روز بعد رابطہ کریں۔ دوسری جانب حکومت سازی کے لیے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے صوبے میں پیپلز پارٹی کے 6 ایم پی ایز کی حمایت مانگی۔ شہباز شریف آج پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ سے بھی ملاقات کریں گے اور پنجاب میں حکومت سازی سمیت وفاق میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے پاس 129، تحریک انصاف 123 اور صوبے سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کی تعداد 29 ہے جو حکومت سازی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں