الیکشن کمیشن کا ملک بھر کے فارم 45 عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: عام انتخابات 2018ء میں فارم 45 کا تنازع، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، ملک بھر کے فارم 45 عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس معاملے میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایات جاری کر دی ہیں، 83 ہزار سے زائد فارم 45 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ملک بھر سے فارم 45 کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو ریٹرننگ افسران سے فوری فارم 45 حاصل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے فارم 45 نہ ملنے کی شکایات کی گئی تھیں، فارم 45 ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے میں 4 سے5 روز درکار ہوں گے۔
قارئین کی معلومات میں اضافے کیلئے بتاتے چلیں کہ الیکشن کمیشن کا فارم 45 اس سے قبل فارم 14 کے نام سے جانا جاتا تھا، یہ فارم کسی بھی پولنگ سٹیشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا سرکاری اعلان ہوتا ہے۔ اس فارم میں متعلقہ حلقے میں تمام امیدواروں کو ڈالے گئے کل ووٹوں اور مسترد ہونے والے بیلٹ پیپر کا اندراج ہوتا ہے۔ اس فارم پر پریزائڈنگ افسر، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر اور موقع پر اگر کوئی مبصر موجود ہو تو اس کے اور پولنگ ایجنٹس کے دستخط ہوتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے فارم 45 میں ہر پولنگ بوتھ سے مرد اور خواتین ووٹرز کے ڈالے گئے ووٹوں کے علیحدہ علیحدہ اعداد وشمار بھی درج ہوتے ہیں۔ اعداد وشمار کے یہ نتائج پولنگ سٹیشنز پو موجود امیدواروں اور ان کے پولنگ ایجنٹس کو فراہم کیے جاتے ہیں، تاہم اگر کوئی شخص اس پر دستخط کرنے سے انکار کر دے تو پریزائڈنگ آفیسر اس پر نوٹ لکھنے کا مجاز ہے۔ جس کے بعد پولنگ اسٹیشن کے نتائج کی نقول پر پریزائڈنگ افسر کی مہر اور انگوٹھے کا نشان، کسی سینیئراسسٹنٹ پریزائڈنگ افسر کے دستخط کے بعد اسے امیدوار یا وہاں موجود ان کے ایجنٹس کو فراہم کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں