تحریک انصاف کے قائد، عمران خان واضح اکثریت سے وزیرِ اعظم منتخب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جہاں نئے قائد ایوان چننے کے لیے رائے شماری ہوئی جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 176 ووٹ لیے جب کہ شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس کے آغاز میں اراکین کو قائد ایوان کے انتخاب کے طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا اور اراکین کو ہدایت کہ جو اراکین عمران خان کے حق میں ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں تو سپیکر کے دائیں جانب لابی اے میں جائیں اور جو شہبازشریف کو ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں وہ سپیکر کے بائیں جانب لابی بی میں چلے جائیں جس کے بعد اراکین اپنی اپنی لابی میں چلے گئے۔ رائے شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب میں عمران خان نے 176 ووٹ حاصل کیے جب کہ شہبازشریف کو 96 ووٹ ملے اور اس طرح عمران خان ملک کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں