اسلام آباد: صدارتی انتخابات کے دوران 4 ستمبر کو پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے بطور ریٹرننگ افسر پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لے جانے پر پابندی سے متعلق پانچوں پریزائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب خفیہ ووٹ کے ذریعے ہوتا ہے، ووٹ کی رازداری یقینی بنانے کیلئے موبائل فون پولنگ اسٹیشن میں نہیں لے جایاجاسکتا، اسمبلی چیمبر میں ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں پرموبائل فون لےجانے پرپابندی ہوگی۔ واضح رہے الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا صدر الیکٹورل کالج کے ذریعے خفیہ رائے شماری کے تحت منتخب ہونگے جو قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد صدر کے یکطرفہ طور پر پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اختیارات ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک معمول کا عمل ہے کہ صدر ہمیشہ حکمران جماعت سے ہوتا ہے۔