لاہور: وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پرامن ضمنی انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضمنی انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ غیر جانبدار اور شفاف ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا، جیت کی خوشی میں فائرنگ یا آتشبازی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے۔ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون بلا امتیاز حرکت میں آئے گا۔ وزیرِاعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلی کے 11 حلقوں کیلئے 4759 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔807 حساس پولنگ سٹیشنز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہو گی۔