داتا دربار لاہور کے باہر خودکش حملے میں 5 اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید، 25 زخمی

لاہور: داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 5 اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید اور 25 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کا کہنا تھا کہ دھماکا خودکش تھا، جائے وقوعہ سے بال بیرنگ ملے ہیں۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے زخمیوں کو قریبی میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی آواز دوردور تک سنی گئی ہے جب کہ گاڑی کوشدید نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے والی جگہ کی سیکیورٹی رینجرزنے سنبھال لی ہے۔
دھماکے کے بعد میو اور جنرل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فوری طور پر اضافی عملے کو طلب کرلیا گیا، ڈاکٹروں کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ داتا دربار کے باہر خودکش حملے میں پولیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایلیٹ فورس کے 5 جوانوں سمیت 8 افراد شہید اور 24 زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں