اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کی مذمت

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے توہین آمیز خاکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام عالمی سطح پر قانون سازی کیلئے لائحہ عمل ترتیب دے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کی صدارت میں منعقدہ تین روزہ اجلاس کے پہلے روز ایجنڈے کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں شراب کی خرید وفروخت اور میراث سمیت مختلف موضوعات کو زیر بحث لایا گیا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں مندر تعمیر کئے جانے، سزائے موت کا ترمیمی بل 2001ء، حج کی رقم پر سود کی شرعی حیثیت کا تعین اور جعلی عاملوں، جادو ٹونے کے بڑھتے ہوئے رجحان بارے بل، حج فنڈ آرڈیننس اور حجاج کرام کی رقوم پر سود لگانے کا مسئلہ زیر بحث آئے گا۔ تعلیمی اداروں میں داخلے کے وقت منشیات کا ٹیسٹ سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔ موجودہ اسلامی نظریاتی کونسل کا یہ آخری اجلاس ہوگا۔
چیئرمین کونسل سمیت 12 ارکان آئندہ ماہ ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ اجلاس کل بھی جاری رہے گا۔ اجلاس میں کونسل کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی جائیگی اور اختتام پر چیئرمین کونسل پریس کانفرنس کریں گے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے توہین آمیز خاکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام عالمی سطح پر قانون سازی کیلئے لائحہ عمل ترتیب دے۔ اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ امت مسلمہ پر حملے کے مترادف ہے۔ اسلام دشمن سازشوں کو خاک میں ملانے کیلئے امت کو باہم متحد ہونا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں