اسلام آباد (اےپی پی): اسلام آباد ماڈل سکول ایف سیون ون میں ہیڈ مسٹریس مس شبنم آفرین کی زیرنگرانی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی نظامت تعلیم ڈائریکٹر مانیٹرنگ ملک سہیل اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر(اے۔ ای۔ او) ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ، سکول انتظامیہ اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پرمس شبنم آفرین نے جونئیرسیکشن کی سالانہ سکول رپورٹ پیش کی۔
اے۔ ای۔ او ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی سربراہ اور تدریسی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ طالب علم کی سماجی، اخلاقی اور تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
وفاقی نظامت تعلیم کے ڈائریکٹر مانیٹرنگ ملک سہیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکول انتظامیہ نے سکول میں بچوں کی سہولیات اور تعلیم کے لیے اچھا کام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکول کے طلبا نے دلچسپ پرفارمنس کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مہمان خصوصی اور ہیڈ مسٹریس نے پوزیشنز ہولڈرکو انعامات سے نوازا۔
آخر میں تدریسی عملے کو ان کی کاوشوں کو سراہنے کے لیے ٹیچرز ایکسیلنس ایوارڈز بھی پیش کیے گئے۔